بھٹکل :15؍ جنوری (ایس اؤ نیوز) مکرسنکرانتی تہوار کے موقع پر مرڈیشور سمندر ی ساحل پر سیاحوں کا جمگھٹا ہے۔ عوامی بھیڑ بھاڑ سے ٹرافک نظام بری طرح متاثر ہے۔ بس اسٹانڈ سے مندر تک سواریوں کو گزرنا محال ہوگیا ہے،مندر پہنچ کر لوٹنے والوں کو مشکلات کا سامناہے ، ایسے میں بچوں اور عورتوں کی حالت بہت بری ہورہی ہے۔ کل ملا کر انتظامیہ کی طرف سے تہوار کے موقع پر بدنظمی ہونے پر عوام شکایت ،لعنت ملامت کرتے نظر آئے۔
شرپسندی میں اضافہ : مرڈیشور کو سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ شرپسندوں کی شرارت بھی زیادہ ہورہی ہے۔ سیاحوں کو ڈرانے، دھمکانےاور رقم وصول کرنے کے الزامات سننے میں آرہے ہیں۔ روم کرایہ ، نہانے کے انتظامات کے نام پر بھی رقم زیادہ وصول کرتےہوئے استحصال کیا جارہاہے۔ پلٹ کر سوال کرنے پر دھمکائے جانے کی سیاح شکایت کررہے ہیں۔ بھیڑ کی وجہ سے سواریوں کو بھی مشکلات پیش آرہے ہیں ،من چاہی ڈرائیونگ پر اعتراض کریں تو بائک سے ، کار سے باہر کھینچنےکی کوشش کئے جانے کا بھی الزام لگایا جارہاہے۔ آوارہ نوجوان سیاحوں کو ہراسان کرنےمیں پیش پیش رہنے سے سیاح سہمے ہوئے ہیں۔
سیاحو ں کی تعداد میں اضافے کو دیکھتے ہوئے پولس سکیورٹی بڑھانے کے متعلق عوام کی طرف سے مانگ کی جارہی ہے۔ ساتھ ہی مرڈیشور میں ٹرافک نظام میں بہتری لانے کے لئے پولس کو توجہ دینے کی بات کہی جارہی ہے۔ متعینہ مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی نصب کاری کرتے ہوئے آوارگی پر قد غن لگانے کا کام ہونا چاہئے۔ عوام، سیاح، لیڈران ہرا یک کی خاطر اگلے دنوں میں مرڈیشور کی بہتری ضروری ہونے کی بات کہی جارہی ہے۔